راولپنڈی: (دنیا نیوز) سربراہ عوامی مسلم لیگ اور سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ سیاستدان عدلیہ سے لڑنے جا رہے ہیں، حکومت قبضہ گروپ ہے، سپریم کورٹ ان سے نجات دلائے گی۔
راولپنڈی میں نماز عیدالفطر کی ادائیگی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ مذاکرات میں کامیابی کا کوئی امکان نہیں ہے، جب تک عوام کو ساتھ لے کر نہیں چلیں گے، ملاقاتوں کا کوئی فائدہ نہیں، گاڑی چھوٹ گئی تو فیصلہ سڑکوں پر ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ امن و امان کا کوئی خطرہ نہیں، صرف نیتوں میں فتور ہے، اس ملک میں لوگوں پر مسائل کا تودہ گرا ہوا ہے، آئی ایم ایف معاہدہ ابھی تک طے نہیں ہوا، پاکستان کا سارا کاروبار تباہ و برباد ہے، سب پارٹیاں ایک آدمی کو شکست دینے کیلئے اکٹھی ہوئی ہیں۔
سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ دنیا میں کوئی ایسا ملک نہیں جو اپنی عدلیہ سے لڑتا ہو، یہ سیاستدان عدلیہ سے لڑنے جا رہے ہیں، اللہ پاکستان کو اس دلدل سے نکالے، دنیا نے ہمیں مسترد کر دیا ہے، دنیا ہمیں بآور کرا رہی ہے ملک کے حالات ٹھیک کرو۔