لاہور: (دنیا نیوز) سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی سے مختلف سیاسی رہنماؤں نے ملاقات کی، اس دوران ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کرنے والوں میں سابق ضلع ناظم چودھری شفاعت حسین، چودھری محمد الہٰی، چودھری حسن الٰہی، شجاعت نواز اجنالہ، شیخ شہکاز اسلم، ذوالفقار گھمن اور مہر کاشف شامل تھے، اس موقع پر چودھری وجاہت حسین اور راسخ الہٰی بھی موجود تھے۔
تحریک انصاف کے مرکزی صدر چودھری پرویز الہٰی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں تحریک انصاف کی جیت اور اس کی حکومت اب نوشتہ دیوار ہے، مسلم لیگ (ن) کی طرف سے بائیکاٹ کی باتیں اعتراف شکست ہیں، الیکشن کا بائیکاٹ کر کے (ن) لیگ اپنا بھرم قائم رکھنا چاہتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ن لیگ گن پوائنٹ پر سپریم کورٹ سے فیصلہ کروانا چاہتی ہے: اسد قیصر
انہوں نے کہا ہے کہ پنجاب میں مسلم لیگ کا ٹکٹ کوئی مفت میں لینے کو بھی تیار نہیں، قومی اسمبلی توڑے بغیر مذاکرات کامیاب نہیں ہو سکیں گے، حکومت ایک تاریخ پر الیکشن میں سنجیدہ ہوتی تو قومی اسمبلی توڑنے کا اعلان کرتی، شہباز شریف سپریم کورٹ کو چکمہ دینے میں کامیاب نہیں ہو سکیں گے۔
سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی نے مزید کہا ہے کہ حکومت مذاکرات کو تاخیری حربے کے طور پر استعمال کرنا چاہتی ہے، حکومت مذاکرات کرنے کے بجائے بدستور سپریم کورٹ کے خلاف منظم مہم چلا رہی ہے، سپریم کورٹ کی طرف سے مذاکرات کی مہلت ختم ہونے والی ہے۔
چودھری وجاہت حسین اور راسخ الٰہی کے ہمراہ مختلف سیاسی رہنماؤں سے ملاقات۔ ملاقات کرنے والوں میں سابق ضلع ناظم چودھری شفاعت حسین، چودھری محمد الٰہی، چودھری حسن الٰہی، شجاعت نواز اجنالہ، شیخ شہکاز اسلم، ذوالفقار گھمن، مہر کاشف اور دیگر رہنما شامل۔ pic.twitter.com/CjB1JifwkA
— Ch Parvez Elahi (@ChParvezElahi) April 24, 2023