اسلام آباد: (دنیا نیوز) حکومت سے مذاکرات کے لیے پاکستان تحریک انصاف کا وفد پارلیمنٹ ہاؤس پہنچ گیا۔
پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے شاہ محمود قریشی، فواد چودھری اور بیرسٹر علی ظفر پارلیمنٹ ہاؤس پہنچے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ حکومت سے صرف یک نکاتی ایجنڈا پر بات ہوگی اور وہ ہے انتخابات۔
انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے وفد کے پاس عمران خان کا مکمل مینڈیٹ ہے، معلوم نہیں پی ڈی ایم کے پاس مینڈیٹ ہے یا نہیں۔
قبل ازیں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی طرف سے حکومت کے ساتھ مذاکرات کیلئے تشکیل دی گئی 3 رکنی کمیٹی کا اہم اجلاس ہوا، اجلاس کی صدارت وائس چیئرمین تحریک انصاف مخدوم شاہ محمود قریشی نے کی۔
اجلاس میں سینئر نائب صدر فواد حسین چودھری اور سینیٹر علی ظفر نے شرکت کی، اجلاس میں حکومت کے ساتھ مذاکرات کے لیے حکمت عملی طے کی گئی۔