بلاول بھٹو شنگھائی تعاون تنظیم وزرائے خارجہ اجلاس میں شرکت کیلئے گووا پہنچ گئے

Published On 04 May,2023 11:06 am

گووا: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور وفاقی وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری بھارتی شہر گووا پہنچ گئے، وہ شنگھائی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ اجلاس میں شرکت کریں گے۔

بھارتی وزارت خارجہ کے اعلیٰ حکام نے وزیر خارجہ بلاول بھٹو کا ایئر پورٹ پر استقبال کیا، وزارت خارجہ کا اعلیٰ سطح وفد بھی وزیر خارجہ کے ہمراہ ہے۔

پاکستان میں سابق بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر جے پی سنگھ نے بلاول بھٹو کا گووا میں استقبال کیا، جے پی سنگھ اب بھارتی وزارت خارجہ میں پاکستان افغانستان اور ایران چیپٹر کے نمائندہ خصوصی ہیں۔

قبل ازیں وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری شنگھائی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ اجلاس میں شرکت کیلئے کراچی سے خصوصی طیارے کے ذریعے بھارت روانہ ہوئے ۔

یہ بھی پڑھیں:بلاول کی شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں شرکت سے قبل سیاسی رہنماؤں سے مشاورت

پاکستان نے فضائی حدود استعمال کرنے کیلئے بھارتی سول ایوی ایشن اتھارٹی سے رابطہ کیا تھا جس پر بھارت نے بلاول بھٹو زرداری کے طیارے کے گووا جانے کیلئے فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت دے دی۔

شنگھائی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ اجلاس میں بلاول بھٹو زرداری دیگر ممالک کے نمائندوں سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری 2 روز تک بھارت میں قیام کریں گے۔

بھارت روانگی سے قبل اپنے ویڈیو بیان میں وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ آج میں ہندوستان کی ریاست گووا جا رہا ہوں جہاں شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں پاکستانی وفد کی سربراہی کروں گا۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ میرا گووا جانا ایک واضح پیغام ہے کہ پاکستان شنگھائی تعاون تنظیم کے چارٹر کو کتنی اہمیت دیتا ہے، ایس سی او کے رکن دوست ممالک کے وزرائے خارجہ سے دوطرفہ تعلقات پر بات کرنا چاہوں گا۔
 

Advertisement