کراچی: (دنیا نیوز) چیئرمین پیپلز پارٹی اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کی حیثیت بحال ہونے تک بھارت سے بات نہیں ہوسکتی۔
وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری بھارت میں شنگھائی تعاون تنظیم کے وزراء خارجہ کونسل کے اجلاس میں شرکت کے بعد پاکستان پہنچ چکے ہیں اور کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ بھارت کی سر زمین پر کشمیر کاز کو اجاگر کیا، بھارتی عوام میں کشمیر سے متعلق یکطرفہ بیانیہ چل رہا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: کشمیر بارے پاکستان کی پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں آئی، بلاول بھٹو
انہوں نے کہا کہ بھارت اس کوشش میں ہے کہ مسلمانوں کو دہشت گرد قرار دیا جائے، بھارت میں بی جے پی اور آر ایس ایس کے پروپیگنڈہ کا جواب دیا ہے، کشمیر پر بھارت اپنا یکطرفہ فیصلہ واپس نہیں لیتا تو بات نہیں ہوگی۔
— PPP (@MediaCellPPP) May 5, 2023
بلاول بھٹو نے کہا کہ پاکستان میں اقلیتی برادری کے لوگ رکن قومی اسمبلی بھی منتخب ہوتے ہیں، یہ جان کر حیرت ہوئی کہ بھارت میں بی جے پی کسی مسلمان سیاسی رہنما کو اسمبلی میں نہیں آنے دیتی، پاکستان میں اقلیتوں کو برابری کے حقوق حاصل ہیں۔
وزیر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ جس سے بھی ملاقات ہوئی اس نے سی پیک منصوبے کی تعریف کی ہے، بھارت کے سوا ایس سی او کا ہر رکن سی پیک کی تعریف کرتا ہے، دہشت گردوں کے خلاف پاکستان کی قربانیوں کو دنیا نے پہنچانا ہے۔