کراچی: (دنیا نیوز) کنوینئرایم کیو ایم پاکستان ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ انتہائی کڑے وقت میں اداروں پر بے بنیاد الزام تراشی ناقابل قبول ہے۔
اپنے بیان میں کنوینئرایم کیو ایم پاکستان کا کہنا تھا کہ مملکت خدا داد اس وقت معاشی و سیاسی اعتبار سے انتہائی مشکل وقت سے گزر رہی ہے، ملک کو درپیش مسائل سے نبرد آزما ہونے کیلئے یکسوئی اور آپسی ہم آہنگی کی ضرورت ہے۔
خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ عمران خان حساس اداروں کے افسران پر کس ایجنڈے کےتحت الزام تراشیاں کر رہے ہیں؟ سیاسی مقاصد کے حصول کیلئےعمران خان ملکی سلامتی کو خطرے میں ڈال رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے جلسوں میں سیاسی مقاصد کیلئے مذہبی حوالوں کا استعمال بھی تشویش ناک ہے۔