لاہور : (دنیانیوز) لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی صدر چودھری پرویز الہٰی کی عبوری ضمانت خارج کردی۔
انسداد دہشت گردی عدالت نے چودھری پرویز الہٰی کی رہائش گاہ پر چھاپے کے دوران پولیس اہلکاروں پر پیٹرول بم پھینکنے کے معاملہ پر قائم دہشت گردی کے مقدمے میں درخواست عدم پیروی پر خارج کی ہے ۔
چودھری پرویز الہٰی کے وکیل نے آج حاضری سے استثنیٰ کی درخواست جمع کرائی تھی تاہم عدالت نے ان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست مسترد کردی ، جج اعجاز احمد بٹر نے کہا کہ عبوری ضمانت کے لئے درخواست گزار کا عدالت میں پیش ہونا لازم ہے۔
خیال رہے کہ اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ اور پولیس نے 28 اپریل کو رات گئے پرویز الہٰی کی گرفتاری کے لیے ان کے گھر پر چھاپہ مارا تھا۔
واضح رہے کہ سابق وزیراعلی پنجاب پرویزالہٰی کےخلاف تھانہ غالب مارکیٹ میں دہشت گردی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج تھا۔
دوسری جانب لاہورہائیکورٹ نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب کی حفاظتی ضمانت آج تک منظور کر رکھی تھی۔