لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب حکومت نے حالیہ ہنگامہ آرائی اور سول و عسکری تنصیبات میں توڑ پھوڑ کی تحقیقات کیلئے جے آئی ٹی بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔
نگران وزیر اعلیٰ محسن نقوی کی زیرصدارت پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے ہیڈ آفس میں امن وامان کی صورتحال پر اجلاس ہوا جس میں جناح ہاؤس، عسکری و سول تنصیبات میں تھوڑپھوڑ اور جلاؤگھیراؤکی تحقیقات کیلئے جے آئی ٹی بنانے کا فیصلہ کیا گیا، جے آئی ٹی واقعات کی تحقیقات کر کے جامع رپورٹ حکومت کو پیش کرے گی۔
اجلاس میں تمام شرپسندوں کو قانون کی گرفت میں لانے کیلئے کارروائیاں مزید تیز کرنے کا بھی حکم دیا گیا۔
نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کہا کہ تھوڑپھوڑ والے تمام مقامات کی جیو فینسنگ کرائی جائے گی، شرپسندوں کے خلاف تمام کیس انسداد دہشتگردی کی عدالت میں چلائے جائیں گے، کسی گناہ گار کو چھوڑیں گے نہیں اور بے گناہ کو پکڑیں گے نہیں، شواہد اور ثبوتوں کے ساتھ ہر شرپسند کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ عسکری و سول املاک پر حملہ کرنے والے عناصر عبرتناک سزا سے نہیں بچ پائیں گے، شرپسندوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی ہے، صورتحال میں بہتری آ رہی ہے، عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنائیں گے، شرپسند عناصر کے مذموم عزائم کو ناکام بنانے کیلئے پوری فورس الرٹ ہے۔