خاتون پولیس اہلکار سے مبینہ ہراسگی، صدر مملکت کا وفاقی محتسب کو تحقیقات کا حکم

Published On 14 May,2023 01:41 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) صدر مملکت نے وفاقی محتسب کو اسلام آباد پولیس میں خاتون اہلکار کی مبینہ ہراسگی کی تحقیقات کرنے کی ہدایت کر دی۔

صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ وفاقی محتسب انسدادِ ہراسگی خاتون پولیس اہلکار کی مبینہ ہراسگی کی تحقیقات اور 90 دن کے اندر کارروائی مکمل کریں، منصفانہ ٹرائل کا حق ہر شہری کا ناقابلِ تنسیخ بنیادی حق ہے، آئین ناصرف شکایت کنندہ بلکہ ملزمان کے حقوق کو بھی تحفظ فراہم کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ منصفانہ ٹرائل کا حق متقاضی ہے کہ ہر فریق کو انصاف پر یقین ہو، ملزم نے محکمانہ انکوائری کمیٹی پر عدم اعتماد کا اظہار کیا۔

صدر عارف علوی نے کہا کہ انصاف یقینی بنانے کے لئے انکوائری کی ذمے داری محتسب کو سونپنا مناسب ہے۔

واضح رہے کہ اسلام آباد پولیس کی ایک خاتون اہلکار نے مرد اہلکار پر جنسی ہراسگی کا الزام لگایا تھا، محتسب نے ازسر نو انکوائری کے لئے کیس اسلام آباد پولیس کو واپس بھجوایا تھا۔
 

Advertisement