اسلام آباد: (دنیانیوز) اسلام آباد ہائی کورٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو مزید کسی کیس میں گرفتاری سے روکنے کے حکم میں 31 مئی تک توسیع کر دی۔
اسلام آباد ہائی کورٹ میں سابق وزیر اعظم عمران خان کے خلاف سو سے زائد کیسز ، کیسزکی تفصیلات فراہمی اور گرفتاری روکنے کی درخواست پر سماعت ہوئی، دورانِ سماعت ایڈیشنل اٹارنی جنرل، ایڈووکیٹ جنرل اور اسٹیٹ کونسل عدالت میں پیش ہوئے۔
عمران خان کی جانب سے وکیل بیرسٹر گوہر عدالت میں پیش ہوئے ، دورانِ سماعت وفاق کی جانب سے عدالت سے کیسز کی تفصیلات فراہم کرنے کے لیے مہلت دینے کی استدعا کی گئی۔
وفاق نے استدعا کی کہ کچھ مہلت دے دیں، کیسز کی تفصیلات فراہم کر دیں گے۔
یہ بھی پڑھیں :القادر ٹرسٹ کیس: عمران خان کل شامل تفتیش نہ ہوئے تو سنگین نتائج ہوں گے، نیب
اسلام آباد ہائیکورٹ نے استدعا منظور کرتے ہوئے سماعت 31 مئی تک ملتوی کر دی۔
واضح رہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو آج (17 مئی) تک کسی بھی کیس میں گرفتار کرنے سے روک دیا تھا۔
یاد رہے کہ عمران خان کو 9 اپریل کو قومی احتساب بیورو (نیب) نے رینجرز کی مدد سے القادر ٹرسٹ کیس میں گرفتار کیا تھا۔