لاہور: (دنیا نیوز) مسلم لیگ (ق) کے رہنما اور سابق گورنر پنجاب چودھری سرور نے کہا ہے کہ جنہوں نے فوجی تنصیبات پر حملے کا جرم کیا ہے ان کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔
مسلم لیگ (ق) کی جانب سے افواج پاکستان کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے ریلی کا انعقاد کیا گیا، شرکاء نے ہاتھوں میں پاک آرمی کے حق میں پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے۔
اس موقع پر سابق گورنر پنجاب چودھری سرور نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ نے پاکستان بنایا تھا، آج ہمارا ملک مشکلات سے گزر رہا ہے، ہماری جماعت ملک کو مشکلات سے نکالے گی۔
انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان کے شہیدوں نے اپنی جانیں پیش کرکے ملک کو بچایا، آج ان کے گھروں پر حملہ کیا گیا جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔