اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی زیرِ صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس کا اعلامیہ جاری کردیا گیا۔
اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ پوری قوم اس وقت ملک کے محافظوں اور شہداء کے ساتھ کھڑی ہے، ملک کے محافظوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے، اپنے بچوں کو یتیم کرکے قوم کے لاکھوں بچوں کو یتیمی سے بچایا۔
وفاقی کابینہ کے اجلاس کے دوران 9 مئی کے افسوسناک واقعات سے ملک بھر میں ریاستی و نجی املاک کو پہنچنے والے نقصان پر تفصیلی بریفنگ دی گئی، شرپسندی میں ملوث افراد میں سے 95 فیصد افراد کی شناخت کر لی گئی ہے، تقریباً 60 فیصد ملوث افراد کو گرفتار بھی کیا جا چکا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: شرپسندوں کیخلاف سخت قوانین کے تحت کارروائی کرینگے: شہباز شریف
اعلامیہ کے مطابق تحریک انصاف کے شرپسندوں نے عام شہریوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کو زخمی کیا، سرکاری اور نجی املاک کو شدید نقصان پہنچایا، وفاقی کابینہ پولیس اور فوج کی گاڑیاں، ایمبیولینسز اور پبلک ٹرانسپورٹ کی گاڑیاں جلائی گئیں۔
حساس تنصیبات پر حملہ، پولیس تھانوں، جناح ہاؤس اور ریڈیو پاکستان پشاور کی عمارتوں کو نظرِ آتش کرکے مکمل طور پر تباہ کیا گیا، صرف انہی لوگوں کو گرفتار کیا جا رہا ہے جن کے بارے یقینی ہے کہ وہ 9 مئی کے واقعات میں ملوث ہیں ۔
اعلامیہ میں بتایا گیا کہ سول و نجی عمارتوں و املاک پر حملہ آور ہونے والوں کے خلاف پاکستان پینل کوڈ اور انسدادِ دھشتگردی ایکٹ کے تحت مقدمات درج کئے گئے ہیں جبکہ صرف ایسے افراد کو آرمی ایکٹ کے تحت کٹھرے میں لایا جائے گا جن کے بارے مکمل ثبوت موجود ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: 9 مئی کے واقعات پر مذمتی قرار داد سینیٹ سیکرٹریٹ میں جمع کروا دی گئی
آرمی ایکٹ کے تحت چلنے والے مقدمات کے فیصلوں کے خلاف اپیل کیلئے اعلی عدالتوں سے رجوع کا حق موجود ہے، وفاقی کابینہ اجلاس کو نادرا کی طرف سے فیشل ریکگنیشن کے حوالے سے بھی بریفنگ دی گئی۔
9 مئی کے واقعات کی جگہوں کی فہرست کے ساتھ ساتھ ویڈیو اور تصاویر بھی دکھائی گئیں، کابینہ نے نیشنل سیکیورٹی کمیٹی کے اجلاس میں کئے گئے فیصلوں پر سختی سے عمل کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
کابینہ کی قومی اسمبلی سے 9 مئی کے سیاہ دن کے واقعات کی متفقہ طور پر منظور شدہ مزمتی قرارداد کو ریکارڈ کا حصہ بنانے کی ہدایات ، مختلف دوست ممالک میں پی ٹی آئی کے پراپیگینڈہ کا مؤثر جواب دینے کی بھی ہدایت کی گئی۔
میجر جنرل (ر) حفیظ الرحمن پی ٹی اے کے ممبر ایڈمنسٹریشن تعینات
وفاقی کابینہ نے میجر جنرل ریٹائرڈ حفیظ الرحمن کی پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن کے بطور ممبر ایڈمنسٹریشن کی تعیناتی کی منظوری دے دی۔
روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ
اجلاس کے دوران وفاقی کابینہ کو روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ کے حوالے سے بھی تفصیلی طور پر آگاہ کیا گیا، آئندہ برس ملک کے دیگر بڑے ہوائی اڈوں تک روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ کو توسیع دی جائے گی، اعلامیہ میں کہا گیا کہ مستفید ہونے والے عازمین حج کی تعداد کو 75000 تک پہنچایا جائے گا۔