لاہور: (ویب ڈیسک) الخدمت فاؤنڈیشن نے سموگ فری لاہور مہم کے تحت شہر میں میگا پلانٹیشن ڈرائیو کا آغاز کر دیا ہے۔
اس سلسلے میں پی ایچ اے کے تعاون سے لاہور ایئرپورٹ کے قریب ایک گرینڈ پروگرام کا انعقاد کیا گیا جس میں 3 ہزار رضاکاروں نے 7 ایکڑ اراضی پر 15 ہزار پودے لگا کر اربن فارسٹ کا آغاز کر دیا، مہم کا بنیادی مقصد لوگوں کو زیادہ سے زیادہ درخت لگانے کی ترغیب دینا اور سموگ فری بنا کر صاف ماحول فراہم کرنا ہے۔
پروگرام میں الخدمت فاؤنڈیشن کے نائب صدر ڈاکٹر مشتاق مانگٹ، پی ایچ اے کے ڈائریکٹر جنرل طاہر وٹو، پراجیکٹ ڈائریکٹر علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ لاہور عبداللہ نثار چیمہ، الخدمت لاہور کے نائب صدر چودھری سلیم، الخدمت والنٹیر ہیڈ صنان اکبر، مختلف جامعات کے سربراہان، طلبہ و طالبات اور رضاکاروں سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے خواتین و حضرات نے شرکت کی۔
مہم کا افتتاح الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے نائب صدر ڈاکٹر مشتاق مانگٹ اور پی ایچ اے کے ڈائریکٹر جنرل طاہر وٹو نے پودا لگا کر کیا، اس موقع پر الخدمت کے رضاکاروں نے 10 منٹ میں 15 ہزار پودے لگا کر منفرد ریکارڈ قائم کیا، پروگرام میں خاص طور پر الخدمت کفالت یتامیٰ پروگرام کے با ہمت بچوں نے بھی شرکت کی اور اپنے مرحوم والد کے نام کے پودے لگائے۔
اس کے ساتھ ساتھ شرکاء نے بھی جوش و جذبے کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے پیاروں کے ناموں کے پودے لگائے جن میں ارجن، پلکن، سکھ چین، نیم، جامن، مولسری اور املتاس کے پودے شامل ہیں۔
ڈاکٹر مشتاق مانگٹ نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پودا لگانا صدقہ جاریہ ہے اور سموگ اور موسمیاتی تبدیلیوں کے تناظر میں زیادہ سے زیادہ درخت لگانا وقت کی اہم ضرورت بھی ہے، الخدمت فاؤنڈیشن اِسی تناظر میں ملک بھر میں پودے لگانے کا عزم رکھتی ہے، انہوں نے کہا کہ ملک کا مستقبل اس کے نوجوان ہیں، اگر اِن نوجوانوں کو رہنمائی اور تربیت فراہم کی جائے تو یہ نوجوان اِس ملک و قوم کی خدمت میں اپنا کردار ادا کر سکتے ہیں۔