پشاور: (دنیا نیوز) خیبرپختونخوا سے تحریک انصاف کے سابق ایم پی اے آغاز اکرام اللہ گنڈاپور نے بھی پارٹی کو خیرباد کہہ دیا۔
پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے آغاز اکرام اللہ گنڈاپور نے کہا ہے کہ 9 مئی کے واقعات کی مذمت کرتاہوں، ان واقعات میں ملوث افراد کو سزا ملنی چاہیے، میں اور میرا خاندان پی ٹی آئی کے ساتھ کھڑے رہے ہیں، چچا کی شہادت کے بعد والد پی ٹی آئی میں آئے، دو شہادتوں کے بعد بھی پارٹی نہیں چھوڑی، 9 مئی کے واقعات میں شہیدوں کے ساتھ جو ہوا وہ میں سمجھ سکتا ہوں۔
سابق ایم پی اے آغاز اکرام اللہ گنڈاپور نے مزید کہا ہے کہ ہمارا ملک ہے تو وہ آرمی کی وجہ سے ہے، میں نے ہر قسم کے سخت حالات دیکھے ہیں، 9 مئی کے واقعات کے بعد پاکستانی ہونے کے ناطے پی ٹی آئی سے تعلق نہیں رکھ سکتا، میرا اپنا تعلق شہیدوں کے خاندان سے ہے، فوج کا جب بھی دروازہ کھٹکھٹایا تو انہوں نے مدد کی، ایسے واقعات سے پاکستان کو نقصان ہو رہا ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ میرے خاندان نے پاکستان کی خدمت کی ہے، انسان سیاست میں عزت کیلئے آتا ہے لیکن عزت سے بھی آگے پاکستان ہے، آگے ہم آزاد الیکشن لڑیں گے، اب بات پاکستان اور پاک فوج کی ہے، اب میں اور میرا خاندان پاکستان تحریک انصاف اور خان صاحب سے علیحدگی اختیار کرتے ہیں۔