اسلام آباد: (دنیا نیوز) چیف جسٹس آف پاکستان نے گزشتہ دور حکومت میں تعیناتی سے متعلق ایک مقدمے کی سماعت کے دوران گڈ ٹو سی کہہ کر درخواست نمٹا دی۔
عمران خان دور میں وزیراعظم کے معاونین کی تعیناتی کے خلاف درخواست کی سماعت سپریم کورٹ میں ہوئی، جہاں چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ نے سماعت کی، عدالت نے غیر مؤثر ہونے پر درخواست نمٹا دی۔
چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ آپ نے جن معاونین کی تعیناتی چیلنج کی ہے، وہ چلے گئے، اب اگر ہم اس درخواست پر کچھ کریں گے تو وہ محض اکیڈمک ہوگا۔
درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ہم نے معاونین کی تعیناتی سے متعلق رولز آف بزنس کو بھی چیلنج کیا تھا، جس پر جسٹس عائشہ ملک نے کہا کہ یہ معاملہ سپریم کورٹ پہلے ہی طے کر چکی ہے۔
چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ آپ کا اس بنیاد پر اعتراض مسترد کیا جاتا ہے۔
چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے درخواست گزار کے وکیل کو ’’گڈ ٹو سی یو‘‘ کہہ کر درخواست نمٹا دی۔
واضح رہے کہ فرخ نواز بھٹی نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان دور میں معاونین خصوصی کی تعیناتی چیلنج کی تھی۔