الخدمت فاؤنڈیشن نے مزید 30 گھر سیلاب متاثرین کے حوالے کردیے

Published On 30 May,2023 11:48 pm

لاہور: (دنیا نیوز) الخدمت فاؤنڈیشن نے پاکستان ساؤتھ افریقہ ایسوسی ایشن کے تعاون سے بلوچستان کے علاقے جعفر آباد میں مزید 30 گھروں کی چابیاں سیلاب متاثرہ خاندانوں کے حوالے کر دیں۔

جعفر آباد میں ایک سادہ مگر پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں مایہ ناز انٹرنیشنل کرکٹ امپائر علیم ڈار، ضمیر حیدر، سماجی شخصیت انجینئر عبد المجید بادانی، پاکستان ساؤتھ افریقہ ایسو سی ایشن کے چئیرمین امانت علی تارڑ، فارن افیئرز ہیڈ محمود احمد بٹ، الخدمت فاؤنڈیشن بلوچستان کے سیکرٹری جنرل قمر ابراہیم اور سینئر منیجر میڈیا ریلشنز شعیب ہاشمی سمیت مقامی ذمہ داران اور معززین علاقہ نے شرکت کی۔

الخدمت فاؤنڈیشن بلوچستان کے سیکر ٹری جنرل قمر ابراہیم نے اِس موقع پر بتایا کہ گزشتہ سال آنے والے سیلاب میں جعفرآباد، بلوچستان کے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے علاقوں میں سے ایک ہے جہاں کئی ماہ تک 4 سے 8 فٹ تک پانی کھڑا رہا اور جس کے باعث لوگوں کے گھر، فصلیں اور مال مویشی شدید متاثر ہوئے۔

اِس صورتحال کے پیش نظر الخدمت فاؤنڈیشن نے جہاں ریسکیو اور ریلیف کے حوالے سے خدمات جاری رکھیں وہیں محفوظ مقامات پر تعمیر نو کے حوالے سے گھروں کی تعمیر سمیت دیگر منصوبہ جات پر کام کا آغازکیا گیا، جعفر آباد میں سماجی شخصیت انجینئر عبد المجید بادانی نے اس مقصد کے لیے 27 ایکٹر زمین عطیہ کی جس پر 175 سیلاب متاثرہ خاندانوں کےلیے گھروں، مسجد، پانی کے منصوبے اور کھیل کا میدان بنانے کا کام جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ اِس علاقے میں زمین وڈیروں اور بڑے زمینداروں کے نام پر ہوتی ہے لیکن الخدمت فاؤنڈیشن نے سیلاب متاثرین کو دیے گئے گھروں کی زمین کے مالکانہ حقوق انہی خاندانوں کو دیے گئے ہیں، جس پر کمرہ، کچن اور غسل خانہ سمیت مال مویشی کے لیے شیلٹر بھی بنایا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ترکیہ حکومت نے الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کو تمغہ حُسن کارکردگی سے نواز دیا

پاکستان ساؤتھ افریقہ ایسوسی ایشن کے چیئرمین امانت علی تارڑ نے اِس موقع پر کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن نے اپنی موثر خدمات کے باعث نا صرف پاکستان بلکہ بیرون ممالک میں بھی اثرات مرتب کیے ہیں، پاکستان ساؤتھ افریقہ ایسوسی ایشن ساؤتھ افریقہ میں موجود پاکستانیوں کی نمائندہ تنظیم ہے جو کسی بھی مصیبت کی گھڑی میں اپنے مصیبت زدہ بہن بھائیوں کی مدد کے لیے آگے بڑھتے ہیں۔

گزشتہ سال آئے سیلاب کے بعد پاکستان ساؤتھ افریقہ ایسوسی ایشن نے الخدمت کے تعاون سے ریسکیو اور ریلیف سرگرمیوں میں بھرپور حصہ لیا اور اب مرحلہ وار تعمیر نو کے کاموں میں بھی اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔

فارن افیئرز ہیڈ محمود احمد بٹ نے اِس موقع پر کہا کہ جعفر آباد جیسے دور دراز علاقے تک پہنچنا اور متاثرین کی مدد کرنا الخدمت فاؤنڈیشن کا خاصہ ہے اور ہم سیلاب متاثرہ علاقوں میں گھروں کی تعمیر کے سلسلے میں سروے سے لے کر چابیاں حوالگی تک تمام مراحل میں موثر حکمت عملی پر الخدمت کی مقامی، ریجنل اور مرکزی ٹیم کے شکر گزار ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: الخدمت فاؤنڈیشن کی ڈیزاسٹر مینجمنٹ پروگرام کے تحت تربیتی ورکشاپ

مایہ ناز انٹرنیشنل کرکٹ امپائر علیم ڈار نے اِس موقع پر کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن کی ملک گیر خدمات کسی سے ڈھکی چھپی نہیں، الخدمت کی جانب سے سیلاب متاثرین کے لیے ’خدا کی بستی‘ کا قیام عمدہ آئیڈیا ہے اور الخدمت فاؤنڈیشن کی سیلاب متاثرین کے یے خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ ہم سب کو نیکی اور خیر کے کاموں میں اپنا بھر پور کردار ادا کرنا چاہیے، علیم ڈار نے خدا کی بستی میں بچوں کے لیے کھیل کے میدان بنانے اور کھیلوں کا سامان مہیا کرنے میں بھی مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی۔ 

Advertisement