لاہور: (ویب ڈیسک) الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے ڈیزاسٹر مینجمنٹ پروگرام کے رضاکاروں کے لیے سنگھوٹہ سوات میں 4 روزہ تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔
تربیتی ورکشاپ میں ملک بھر سے ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے ذمہ داران اور رضاکاروں نے شرکت کی، ٹریننگ ورکشاپ کا مقصد ریسکیو اور ریلیف میں جدید مہارتوں کے ذریعے رضاکاروں کی استعداد کار میں اضافے کے ساتھ انہیں کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار کرنا تھا۔
ٹریننگ ورکشاپ میں الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے صدر ڈاکٹر حفیظ الرحمان، نائب صدر اعجاز اللہ خان، الخدمت ڈیزاسٹر مینجمنٹ پروگرام کے نیشنل ڈائریکٹر فضل محمود اور پروگرام منیجر آصف جمال سمیت ملک بھر سے 60 رضاکاروں نے شرکت کی۔
ٹریننگ ورکشاپ میں ماسٹر ٹرینرز فہیم احمد خان، ہارون الرشید اور اے ڈی لاشاری نے رضاکاروں کو خود کو محفوظ بناتے ہوئے آفات اور حادثات سے نمٹنے کےلئے احتیاطی تدابیر، ریسکیو، کیمپ مینجمنٹ، رَوپ ریسکیو، فلڈ مینجمنٹ، فرسٹ ایڈ اور بیسک لائف سپورٹ کورسز کی ٹریننگ دی، ورکشاپ میں رضاکاروں کو نقشوں اور ملٹی میڈیا کے ذریعے بریفنگ کے ساتھ ساتھ عملی مشقوں کا بھی اہتمام کیا گیا۔
اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر حفیظ الرحمان نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈیزاسٹر مینجمنٹ پروگرام الخدمت فاؤنڈیشن کی ایک پہچان ہے، پاکستان میں آنے والے کسی بھی ناگہانی آفت اور حادثے میں الخدمت فاؤنڈیشن کے رضاکار اپنے مصیبت زدہ بہن بھائیوں کی مدد کے لئے ہراول دستہ کی صورت موجود ہوتے ہیں۔
پروگرام کےنیشنل ڈائریکٹر فضل محمود نے کہا کہ دنیا بھر میں ہونے والی موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث پاکستان بری طرح متاثر ہوا ہے، ایسی صورتحال میں رضاکاروں کے لیے ٹریننگ ورکشاپس کا انعقاد وقت کی اہم ضرورت ہے۔