سکھر: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ رات کو بننے والی جماعتیں ایسی ہی ہوتی ہیں دن میں ختم ہوجاتی ہیں، تحریک انصاف کوئی سیاسی جماعت نہیں تھی، ڈرپوک لیڈر نہیں ہوتا، تحریک انصاف کے ورکرز کو کہوں گا کہ اب بھی وقت ہے متبادل جماعتوں میں آجائیں۔
سکھر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما خورشید شاہ نے کہا ہے کہ عمران خان کیلئے شروع سے کہتے ہیں کہ یہ سیاسی بندہ نہیں، مجھے اس کی نیچر کا بھی پتہ ہے، مکتی باہنی تحریک میں بنگالیوں نے بھی ایسا نہیں کیا جس طرح انہوں نے کیا ہے، غیر ملکی قوتوں سے اب مدد مانگ رہا ہے، بدقسمتی سے ایسا نہیں کرنا چاہیے، اداروں کیلئے عزت و احترام ہے۔
وفاقی وزیر خورشید شاہ نے مزید کہا ہے کہ ایسے واقعات ہوئے ہیں جو پہلے کبھی نہیں دیکھے، عدالت کے غلط فیصلے پر پہلے کچھ نہیں کہا جاتا تھا مگر اب وقت بدل چکا ہے، جمہوریت کو کوئی خطرہ نہیں ہے، عدالت کا جو آزادی کے وقت کردار تھا اب بھی وہی کردار ہے، الیکشن اپنے مقررہ وقت پر ہوں گے، عمران خان نو مہینے پلاسٹر باندھ کر اور بالٹی رکھ کر سر پر چلتا رہا۔
انہوں نے کہا پیپلز پارٹی نے ڈلیور کیا ہے جو ہم نے منشور دیا وہ فراہم کیا، امن و امان کی صورتحال امریکا میں بھی خراب ہے، سڑکیں، یونیورسٹیز، ہاسپٹلز فراہم کیے، خیبرپختونخوا کو شناخت دی، اتحادی حکومت سے اپیل کی ہے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 40 فیصد اضافہ کیا جائے، تنخواہوں میں اضافہ ہو گا تو پیسے کی رولنگ ہو گی جس سے معیشت مستحکم ہو گی۔