لاہور: (دنیا نیوز) وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ مفتاح اسماعیل کو وزارت سے ہٹائے جانے کا گلہ تو ہو سکتا ہے مگر پارٹی کو ٹارگٹ کرنے کا جواز نہیں ہو سکتا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں خواجہ آصف نے کہا کہ محترم برادرم مفتاح اسماعیل جب سے وزارت سے سبکدوش ہوئے ہیں ان کے پاکستان کے معاشی حالات پہ تبصرے سننے کو ملتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: نواز شریف جس دن جہاز میں بیٹھیں گے سمجھیں الیکشن ہونے والا ہے: طلال چودھری
انہوں نے کہا کہ مفتاح اسماعیل ن لیگ کا حصہ ہیں، جماعت ان کے علم سے براہ راست استفادہ کر سکتی ہے، ان کی قابلیت مسلمہ ہے لیکن ملک کا معاشی عدم استحکام اس وقت ان کے میڈیا پہ نکتہ چینی کا متحمل نہیں ہو سکتا۔
وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ مفتاح اسماعیل کی نکتہ چینی حکومت کیلئے مفید بھی ہو سکتی ہے اگر وہ بھی جماعت کو اعتماد میں لیں اور اچھے وقت اور رفاقت کو یاد رکھیں، جماعت نے ان کو دو دفعہ وزارت خزانہ سے نوازا۔
یہ بھی پڑھیں: نواز شریف کے ساتھ زیادتی ہوئی، ریلیف ملنا ان کا حق ہے: رانا ثناء اللہ
خواجہ آصف نے کہا کہ سیاست میں موسم بدلتے رہتے ہیں اور باوقار سیاسی ورکر سردی و گرمی دونوں کو برداشت کرتے ہیں اور سرخرو ہوتے ہیں، وفاداری جب مشروط ہو تو وہ کاروبارہوتی ہے۔
— Khawaja M. Asif (@KhawajaMAsif) May 31, 2023
اپنے پیغام کے آخر میں وزیر دفاع نے کہا کہ معذرت خواہ ہوں سوشل میڈیا کا سہارا مجبوراً لیا کیونکہ نکتہ چینی کا سلسلہ سارا میڈیا کی زینت ہے، جزاک اللہ۔