لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف سے بیلاروس کے وزیر خارجہ سرگئی ایلینک نے ملاقات کی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے لاہور میں بیلاروس کے وزیر خارجہ سرگئی ایلینک کا استقبال کیا، ملاقات میں دوطرفہ تعلقات کی اہمیت پر بات چیت کی گئی۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان بیلاروس کے ساتھ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے، دونوں رہنماؤں نے زراعت، سائنس، آئی ٹی، تعلیم اور ثقافت سمیت تمام شعبوں میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔
یہ بھی پڑھیں: نواز شریف جس دن جہاز میں بیٹھیں گے سمجھیں الیکشن ہونے والا ہے: طلال چودھری
وزیر خارجہ سرگئی ایلینک نے وزیراعظم کو صدر بیلا روس لوکاشینکو کا تہنیتی پیغام پہنچایا، انہوں نے کہا کہ بیلاروس پاکستان کو خطے کا اہم ملک سمجھتا ہے، علاقائی امن و استحکام کے فروغ کیلئے پاکستان کی کوششوں کو سراہتے ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے سرگئی ایلینک کو مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے بھی آگاہ کیا، پاکستان اور بیلاروس 2024ء میں اپنے سفارتی تعلقات کی 30 ویں سالگرہ منائیں گے۔