اسلام آباد: (دنیانیوز) وفاقی شرعی عدالت کے نئے چیف جسٹس اقبال حمید الرحمٰن نے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔
چیف جسٹس پاکستان عمر عطاء بندیال نے چیف جسٹس شرعی عدالت اقبال حمید الرحمٰن سے حلف لیا، حلف برداری کی تقریب میں سپریم کورٹ کے ججز، اٹارنی جنرل اور وکلاء نے شرکت کی۔
صدرِ پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے جسٹس اقبال حمید الرحمٰن کو وفاقی شرعی عدالت کا چیف جسٹس مقرر کرنے کی منظوری دی تھی جس کے بعد وزارتِ قانون و انصاف نے ان کی تقررری کا باضابطہ نوٹی فکیشن جاری کر دیا تھا۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے جسٹس اقبال حمید الرحمٰن کی بطور چیف جسٹس فیڈرل شریعت کورٹ تعیناتی کی منظوری دے دی pic.twitter.com/zZVjUErUut
— The President of Pakistan (@PresOfPakistan) May 30, 2023
جسٹس اقبال حمید الرحمٰن کو 3 سال کے لیے وفاقی شرعی عدالت کا چیف جسٹس مقرر کیا گیا ہے، ان کی مدت حلف لینے کے دن یعنی آج سے شروع ہو گی۔
جسٹس اقبال حمید الرحمٰن اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اور بعد ازاں سپریم کورٹ کے جج بھی رہ چکے ہیں ۔
اقبال حمید الرحمٰن کا تعلق قانونی چارہ جوئی کرنے والوں اور ججز کے خاندان سے ہے، ان کے والد مرحوم جسٹس حمود الرحمٰن کو 1953 میں مشرقی پاکستان کا ایڈووکیٹ جنرل مقرر کیا گیا جہاں سے 1954 میں انہیں ڈھاکا ہائی کورٹ میں جج کے طور پر ترقی دی گئی۔