راولپنڈی: (دنیا نیوز) سربراہ عوامی مسلم لیگ اور سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ سارا ملک 9 مئی واقعہ پر لعنت بھیجتا اور شرمناک قرار دیتا ہے، خدا کیلئے بے گناہوں کو رہا اور گناہ گاروں کو سزا دی جائے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ویڈیو پیغام میں شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ کل رات پنجاب پولیس اور ایلیٹ فورس نے 40 گالف سٹی میرے گھر پر چھاپہ مارا، پولیس میرے گھر دوبارہ دروازے توڑ کر داخل ہوئی، اچھی بات یہ ہے کہ کسی ملازم کو نہیں مارا توڑ پھوڑ نہیں کی۔
انہوں نے کہا کہ خدا کے ہاں دیر ہے اندھیر نہیں، ہر روز اتوار نہیں ہوتا، اگر یہ سمجھتے ہیں کہ ویڈیوز اور کیمرے لے گئے ہیں، گھبرائیں نہیں میرے پاس سارا ریکارڈ موجود ہے، سارا ملک 9 مئی کے واقعے پر لعنت بھیجتا ہے، شرمناک قرار دیتا ہے، ادارے پولیس میں اپنی ایجنسیوں کو بھیجیں اور تحقیقات کی جائیں کہ نامعلوموں اور نامزد لوگوں کو نکالنے کیلئے کیا وصولیاں اور کتنا پیسہ لیا جا رہا ہے۔
— Sheikh Rashid Ahmed (@ShkhRasheed) June 5, 2023
سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ لوٹ مار کی جا رہی ہے لوگ آگے ہی بہت تنگ ہیں، یہ فوج ہماری ہے، یہ پاکستان کی فوج ہے، پاکستان میں کوئی شخص فوج کے خلاف بری سوچ نہیں رکھتا، خدا کیلئے بے گناہوں کو رہا کیا جائے، گناہ گاروں کو سزا دی جائے، ایک ماہ ہوگیا ہے لوگوں کے گھروں میں صف ماتم بچھی ہوئی ہے۔
سربراہ عوامی مسلم لیگ نے مزید کہا کہ پاکستان میں غربت ، مہنگائی اور بیروزگاری ہے، ان پی ڈی ایم کے لوگوں کو کسی نے ووٹ نہیں دینے، جو قاسم کے ابو کو چھوڑ گیا ہے وہ گنگا نہایا ہے، بے گناہ جیل میں پڑا رہے یہ کوئی انصاف نہیں ہے، مہربانی کر کے گناہ گاروں کو سزا اور بے گناہوں کو رہا کیا جائے۔