اسلام آباد: (دنیا نیوز) چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان میں سیاسی جماعتوں پر مشکل حالات آتے رہتے ہیں، اس پر بہت زیادہ پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔
پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ ضبطگی سے متعلق شوکاز نوٹس پر سماعت کے دوران تحریک انصاف کے وکیل انور منصور کا کہنا تھا کہ اس وقت سیاسی جماعت پر زمین بہت زیادہ تنگ کر دی گئی ہے، اس وقت معاملہ انتہائی سنجیدہ ہے، نامعلوم افراد ہمارے دفتر سے سارا ریکارڈ اٹھا کر لے گئے، اس وقت پی ٹی آئی دفاتر بند اورعہدیدار روپوش ہیں۔
وکیل انور منصور نے کیس میں جواب جمع کرانے کیلئے مزید ایک ماہ کا وقت دینے کی استدعا کرتے ہوئے کہا کہ ریکارڈ کے حصول کیلئے مختلف ذرائع سے کوشش کر رہا ہوں، ریکارڈ کی عدم موجودگی پر اب کیا دلائل دوں؟
چیف الیکشن کمشنر کا کہنا تھا کہ یہ کیس ممنوعہ فنڈنگ کی ضبطگی سے متعلق ہے، الیکشن کمیشن مرکزی کیس کا فیصلہ سنا چکا ہے، الیکشن کمیشن نے حقائق کی بنیاد پر مرکزی کیس پر فیصلہ سنایا، مرکزی کیس کا فیصلہ چیلنج کرنا ہے تو متعلقہ فورم پر جائیں۔
الیکشن کمیشن نے انور منصور کی مزید وقت دینے کی درخواست منظور کر لی، الیکشن کمیشن نے جواب جمع کرانے کیلئے مزید 4 ہفتوں کا وقت دے کر کیس کی مزید سماعت 6 جولائی تک ملتوی کر دی۔