لاہور سمیت مختلف شہروں میں زلزلے کے شدید جھٹکے، عوام میں خوف و ہراس

Published On 13 June,2023 01:15 pm

لاہور: (دنیا نیوز) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف شہروں میں زلزے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔

اسلام آباد سمیت لاہور، گوجرانوالا، جہلم، حافظ آباد، چیچہ وطنی، سیالکوٹ، منڈی بہاؤالدین، شکرگڑھ، ظفروال، سیالکوٹ اور اطراف کے علاقوں میں بھی زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے، زلزلے کے جھٹکے دوپہر 1 بجکر 6 منٹ پر محسوس کیے گئے۔

خیبرپختونخوا کے بڑے شہروں سوات، صوابی اور گردونواح میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، آزاد کشمیر میں مظفرآباد، دھیرکوٹ، سماہنی، باغ، وادی نیلم اور گردونواح میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔

زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 5 اعشاریہ 6 ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ اس کی گہرائی 10 کلو میٹر تھی، زلزلے کے زوردار جھٹکوں سے شہریوں میں خوف وہراس پھیل گیا، لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے گھروں سے باہر نکل آئے۔