کراچی: (دنیا نیوز) کراچی سے بپر جوائے کا خطرہ ٹل گیا، سمندری طوفان کمزور ہو کر سائیکلون اور ڈپریشن میں تبدیل ہونے کا امکان ہے۔
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے مطابق کراچی، حیدرآباد، ٹنڈو محمد خان، ٹنڈو الہیار، شہید بینظیر آباد اور سانگھڑ میں تیز ہوا اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق ہوائیں 30 سے 50 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل سکتی ہیں جبکہ سندھ اور مکران کے ساحلی علاقوں میں طغیانی رہ سکتی ہے، ٹھٹھہ، سجاول، بدین، تھرپارکر، میرپور خاص اور عمرکوٹ کے اضلاع میں 17 جون تک تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
حکام کے مطابق نقل مکانی کرنے والے مزید تھوڑا وقت کیمپوں میں گزارنا ہوگا، طوفان کے باعث 81 ہزار سے زائد افراد گھر بار چھوڑنے پر مجبور ہوئے۔
بپرجوائے کا بھارتی گجرات میں لینڈ فال
سمندری طوفان بپر جوائے نے انڈین گجرات کی ساحلی پٹی پر لینڈ فال مکمل کر لیا ہے، جو کیٹی بندر سے 125 کلومیٹر جنوب-جنوب مغرب میں ہے۔ طوفان پہلے کمزور ہو کر سائیکلونک طوفان اور پھر آج شام تک ڈپریشن میں تبدیل ہو نے کی توقع ہے۔#NEOCNDMAPAK
— NDMA PAKISTAN (@ndmapk) June 16, 2023
Source: Windy pic.twitter.com/s09eubpdnr
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق سمندری طوفان بپر جوائے نے بھارتی گجرات کی ساحلی پٹی پر لینڈ فال مکمل کرلیا ہے۔
طوفان کیٹی بندر سے 125 کلو میٹر جنوب اور جنوب مغرب میں ہے، طوفان پہلے کمزور ہوکر سائیکلونک طوفان اور پھر آج شام تک ڈپریشن میں تبدیل ہونے کا امکان ہے۔
طوفان سے بھارتی گجرات میں تباہی
سمندری طوفان بپرجوائے نے بھارتی ریاست گجرات میں تباہی مچادی جس سے مقامی لوگوں کی پریشانی مزید بڑھ گئی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سمندری طوفان سے گجرات میں 527 سے زائد درخت جڑ سے اُکھڑ گئے جبکہ 3 ہزار 672 سے زائد بجلی کے کھمبے گر گئے۔
یہ بھی پڑھیں: اللہ کا فضل ہے ہم طوفان کی تباہ کاریوں سے بچ گئے: شیری رحمٰن
رپورٹس کے مطابق بجلی کے کھمبے گرنے سے گجرات کی تحصیل مالیا کے 45 دیہات میں بجلی معطل ہوگئی جبکہ سیکڑوں ٹرینوں کو 18 جون تک کینسل کردیا گیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سمندری طوفان بپرجوائے کی کیٹیگری انتہائی شدید سے شدید میں بدل گئی ہے، گجرات میں ہواؤں کی رفتار 115 سے کم ہو کر 105 کلومیٹر فی گھنٹہ ہوگئی ہے۔
طوفان کے باعث راجستھان میں آج شدید بارشوں کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
بدین میں ماہی گیروں کو اپنی بستیوں میں واپس جانے کی اجازت
ڈپٹی کمشنر بدین نے آج سے ماہی گیروں کو اپنی اپنی بستیوں میں واپس جانے کی اجازت دے دی۔
بحیرہ عرب میں بننے والے سمندری طوفان بپر جوائے کا خطرہ ٹلنے کے بعد ساحلی پٹی کے اطراف چلنے والی تیز ہواؤں کا سلسلہ بھی تھم گیا۔
ڈپٹی کمشنر بدین آغا شاہنواز کا کہنا ہے کہ ساحلی پٹی کے شہری علاقوں کا موسم خوشگوار اور مطلع ابر آلود ہے جبکہ سمندری طوفان کا خوف کافی حد تک ختم ہوگیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر کے مطابق آج سے ماہی گیر اپنی اپنی بستیوں میں واپس چلے جائیں گے، دو روز سے چلنے والی تیز ہوا اور بارشوں سے ہونے والے نقصان کا جائزہ لے رہے ہیں، جن ماہی گیروں کا نقصان ہوا جلد سے جلد ان کا ازالہ کریں گے۔
عبداللہ شاہ غازی کا مزار کھولنے کا اعلان
کراچی میں سمندری طوفان ’بپر جوائے‘ کا خطرہ ٹلتے ہی عبداللہ شاہ غازی کا مزار کھولنے کا اعلان کر دیا گیا۔
مزار انتظامیہ کے مطابق عبداللہ شاہ غازی کے مزار کو سمندری طوفان کے پیش نظر بند کیا تھا جسے زائرین کیلئے آج سے کھول دیا گیا۔
سمندری طوفان بپر جوائے راستہ تبدیل کر کے بھارت میں ٹکرا گیا تھا اور اس کے تقریباً 12 گھنٹے بعد اب ہوا کے کم دباؤ میں تبدیل ہو چکا۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات کراچی، حدرآباد، سجاول سمیت دیگر شہروں میں آج پارش کی پیشگوئی کرچکا ہے۔