ڈیرہ غازی خان: (دنیا نیوز) 9 مئی کے پرتشدد واقعات کے پیش نظر سابق رکن پنجاب اسمبلی ڈاکٹر شاہینہ کھوسہ کو ڈیرہ غازی خان سے گرفتار کر لیا گیا۔
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم کو 9 مئی کو اسلام آباد ہائی کورٹ سے نیب نے رینجرز کی بھاری نفری کی مدد سے حراست میں لیا تھا، جس کے بعد ملک بھر میں پی ٹی آئی کارکنان کی جانب سے پرتشدد مظاہرے کئے گئے، عسکری، سرکاری اور نجی املاک پر حملے بھی کئے گئے۔
ڈیرہ غازی خان میں تھانہ گدائی پولیس نے 9 مئی کے واقعات پر پاکستان تحریک انصاف کی سابق رکن پنجاب اسمبلی ڈاکٹر شاہینہ کھوسہ کو گرفتار کرلیا، پولیس کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر شاہینہ کھوسہ کیخلاف 9 مئی کو جلاؤ گھیراؤ کا مقدمہ درج ہے۔
واضح رہے کہ ڈاکٹر شاہینہ نجیب کھوسہ مخصوص نشست پر پاکستان تحریک انصاف کی طرف سے رکن پنجاب اسمبلی متخب ہوئی تھیں۔