راولپنڈی: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر غلام سرور خان نے 9 مئی کے واقعات کی مذمت کرتے ہوئے پی ٹی آئی سے علیحدگی کا اعلان کر دیا۔
اپنے بیان میں ان کا کہنا تھا کہ مجھے اور میرے خاندان کو سیاست میں 50 سال ہوچکے ہیں، پاکستان کی بقا اور سلامتی کے لیے افواج پاکستان کی قربانیاں ہیں،شہدا کی یادگاروں، جی ایچ کیو، کور کمانڈر ہاؤس اور میانوالی بیس پر حملہ کرنے والے ملک دشمنی کے مرتکب ہوئے ہیں، انہوں نے کورکمانڈر ہاؤس پر نہیں بلکہ پاکستان کے دل پر حملہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانیت پر حملے کے ان تمام ناپاک عزائم اور اقدام کی بھرپور مذمت کرتا ہوں، ایسے لوگوں کو قرار واقعی سزا دینی چاہیے، جن لوگوں نے اداروں کے ساتھ محاذ آرائی کی میں اس محاذ آرائی کی بھی بھرپور مذمت کرتا ہوں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اس محاذ آرائی کی پالیسی سے اختلاف میں نے پارٹی کے ہر فورم پر بھی کیا کہ ہمیں محاذ آرائی نہیں کرنی چاہیے، اداروں کے ساتھ لڑائی نہیں کرنی چاہیے، جو کچھ ہوا بہت برا ہوا، اس بنا پر تحریک ِ انصاف سے علیحدگی کا اعلان کرتا ہوں۔