پی ٹی آئی کے سابق ایم پی اے چودھری عدنان کا آزاد حیثیت میں الیکشن لڑنے کا اعلان

Published On 28 June,2023 05:06 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) تحریک انصاف کے سابق ایم پی اے چودھری محمد عدنان نے کہا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کی اپنی خواہش تھی کہ چودھری نثار تحریک انصاف میں شامل ہو جائیں، انہوں نے کہا تھا کہ اداروں کیخلاف وہ چیئرمین پی ٹی آئی کے ساتھ نہیں ہیں۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چودھری محمد عدنان نے کہا ہے کہ 9 مئی کو ریاستی اداروں پر حملے کا گھناؤنا کھیل کھیلا گیا، میں ان واقعات کی مذمت کرتا ہوں، جو جو بھی ملوث ہیں انہیں سزا ملنی چاہیے، میں نے 26 اپریل کو پی پی 11 سے آزاد حیثیت میں الیکشن لڑنے کا اعلان کر دیا تھا، ہمیں کینٹ سمیت راولپنڈی سے مینڈیٹ اس لئے ملا کہ ہم اداروں کے حمایتی تھے۔

سابق ایم پی اے نے کہا کہ 2018 میں لوگوں نے فوج کی محبت اور احترام میں ہمیں ووٹ دیا تھا، میں نے پارٹی کو سمجھایا تھا کہ بیانیہ سے آپ کھائی میں گر رہے ہیں، اداروں پر حملے کا جو منصوبہ راولپنڈی مین بنایا گیا میں اس کا مخالف تھا، پاک فوج نے شہادتیں دے کر ملک پر آنچ نہیں آنے دی، میں آج بھی آزاد حیثیت میں الیکشن لڑنے کا اعلان کرتا ہوں، راولپنڈی شہر میں لینڈ مافیا کیخلاف لڑتا رہا ہوں۔

انہوں نے کہا ہے کہ تمام جماعتوں کو قومی یکجہتی کیلئے ایک ہوکر آگے بڑھنا چاہیے، چودھری نثار میرے والد کے دوست ہیں، چودھری نثار کہتے ہیں کہ اداروں کیخلاف اگر وہ نواز شریف کے ساتھ نہیں تھے تو چیئرمین پی ٹی آئی کے ساتھ کیسے ہو سکتے ہیں، راولپنڈی شہر مسلم لیگ ن کا گڑھ تھا، پھر پی ٹی آئی وہاں مقبول ہو گئی، لوگوں نے جلاؤ گھیراؤ کی سیاست مسترد کر دی۔