اپوزیشن لیڈر کی تقرری پر حکومت اور اپوزیشن میں اتفاق، محمود اچکزئی واحد امیدوار

Published On 13 January,2026 01:27 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف عمر ایوب کی نااہلی کے بعد خالی سیٹ پر اپوزیشن لیڈر کی تقرری کیلئے حکومت اور اپوزیشن میں اتفاق ہوگیا ہے۔

ذرائع کے مطابق محمود خان اچکزئی ہی متحدہ اپوزیشن کے واحد امیدوار ہوں گے، سپیکر قومی اسمبلی نے محمود خان اچکزئی کی بطور اپوزیشن لیڈر تقرری کی یقین دہانی کرا دی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سپیکر قومی اسمبلی قانونی ضابطے پورے کر کے اپوزیشن لیڈر کا تقرر کریں گے۔

قبل ازیں پی ٹی آئی وفد نے سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے ملاقات کر کے اپوزیشن لیڈر کیلئے باضابطہ طور پر محمود خان اچکزئی کی نامزدگی جمع کرائی تھی۔

سپیکر قومی اسمبلی سے ملاقات کرنے والے پی ٹی آئی وفد میں بیرسٹر گوہر علی، اسد قیصر، عامر ڈوگر اور اقبال آفریدی شامل تھے، وفاقی وزیر پارلیمانی امور طارق فضل چودھری بھی ملاقات میں شریک ہوئے۔

اس موقع پر چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جمعرات تک اپوزیشن لیڈر کا تقرر ہو جائے گا، سپیکر ہی سب کچھ ہے، وہ جب چاہے نوٹیفکیشن کر سکتے ہیں، قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کا تقرر ہو جائے تو سینیٹ میں بھی ہو جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی میں کوئی فارورڈ بلاک نہیں، بانی پی ٹی آئی چیئرمین تھے، ہیں اور رہیں گے، عمران خان کے فیصلے کو کوئی سیاسی کمیٹی تبدیل نہیں کر سکتی۔