سانحہ سویڈن : وزیراعظم کی بعداز نمازجمعہ پرامن احتجاج کی اپیل

Published On 07 July,2023 11:36 am

اسلام آباد: (دنیانیوز) وزیر اعظم شہباز شریف نے سویڈن میں ہونے والی قرآن پاک کی بے حرمتی کے دلخراش واقعے پر آج بعد از نماز جمعہ پُر امن احتجاج کی اپیل کر دی۔

سوشل میڈیا پر پیغام جاری کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ میرے اہل وطن! بات ہو قرآن کی تو قوم ایک ہے، سانحہ سویڈن پر پوری امت مسلمہ مضطرب ہے۔

انہوں نے ملک گیر احتجاج کی کال دیتے ہوئے لکھا کہ یوم تقدیس قرآن کے عنوان سے آج ہم سب ایک آواز ہو کر ملک گیر احتجاج کریں گے اور بعد از نماز جمعہ پاکستانی مسلمانوں کے تمام طبقات ناموسِ قرآن کا پرچم اٹھا کر اپنا پر امن احتجاج ریکارڈ کرائیں گے۔

شہبازشریف نے مزید کہا کہ قرآن ہمارے قلب میں ہے، قرآن ہمارے لیے صرف قرات نہیں بلکہ جینے کا قرینہ ہے۔

واضح رہے کہ آج ملک بھر میں’ یوم تقدیس قرآن ‘ منایا جا رہا ہے، وزیر اعظم شہباز شریف کی جانب سے پوری قوم سے بھرپور طریقے سے شرکت کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔