اسلام آباد: (دنیانیوز) وزیراعظم شہبازشریف کاکہنا ہے کہ پاکستان سیاحوں کےلئے ایک بے مثال ملک ہے، ای پورٹل دنیا بھر سے سیاحوں کی پاکستان میں دلچسپی بڑھانے میں معاون و مددگار ثابت ہوگا۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے’’سلام پاکستان‘‘ برانڈ اور ای پورٹل کا افتتاح کردیا ، افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ تقریب میں شرکت باعث مسرت ہے، پاکستان میں سیاحت، ثقافت اور تاریخی ورثہ کے فروغ کے وسیع مواقع دستیاب ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کو اللہ تعالیٰ نے بے پناہ قدرتی وسائل اور خوبصورت مناظر سے نوازا ہے ، پاکستان قدرتی وسائل سے مالا مال ملک ہے ، خصوصاً ملک کے شمالی علاقہ جات میں سیاحت مقامات کو سیاحت کے فروغ کےلئے استعمال کیاجاسکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں سیاحت کے شعبہ کی ترقی اور فروغ کےلئے مشیر وزیراعظم عون چوہدری اور ان کی ٹیم کی کاوشیں قابل قدر ہیں، برادر اسلامی ممالک سمیت دنیا کے کئی دیگر ممالک نے ثقافت، دستکاریوں اور سیاحت کے شعبہ میں نمایاں ترقی کی ہے۔
وزیراعظم نے غیرملکی سفیروں اور سفارتی برادری کی تقریب میں شرکت کا خیرمقدم کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ملک میں سیاحت، ثقافت، تاریخی ورثہ اور دستکاریوں کے شعبہ کی ترقی کےلئے ’’سلام پاکستان‘‘برانڈ اور ای پورٹل کو کامیابیوں سے نوازے۔
اس موقع پر مشیر وزیراعظم عون چوہدری نے وزیراعظم کو سلام پاکستان کا میمنٹو بھی پیش کیا۔
ایران کے وزیر ثقافت، تاریخی ورثہ، سیاحت و دستکاری سید عزت اللہ زرغامی اور ایران کے سفیررضا میری سمیت سفارتی برادری اور اعلیٰ حکام بھی تقریب میں شریک تھے۔