راولپنڈی: (دنیا نیوز) سربراہ عوامی مسلم لیگ اور سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ نگران وزیر اعظم کے تقرر پر پی ڈی ایم کے دل کے ارمان آنسوؤں میں بہہ گئے اور 13 پارٹیاں شرمائی شرمائی ایک دوسرے کی طرف دیکھ رہی ہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ان میں مبارکباد دینے کی بھی ہمت نہیں ہے اور کٹی ہوئی پتنگ کی طرح ایک دوسرے سے پوچھ رہے ہیں کہ یہ کیا اور کیسے ہوا، 16 مہینے کی نااہل، نکھٹو حکومت کو جس ذلت و رسوائی سے جانا پڑا وہ بھی تاریخ کا ایک حصہ ہے اور جنہیں اس قابل بھی نہیں سمجھا گیا کہ ان کے مشوروں کو اہمیت دی جاتی۔
سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ دنیا میں کون سا ملک ایسا ہے جہاں جشن آزادی پر ہنگامی حالات میں دفعہ 144 نافذ کر دی جائے اور وہ علاقے جہاں سارے عسکری اداروں کے ہیڈ کوارٹر ہیں اس شہر میں رات کو بجلی کاٹ دی جائے اور لوگوں کو پکڑ پکڑ کر تھانوں میں بند کیا جائے۔
نگران وزیر اعظم کے نام پر PDMکے دل کے آرمان آنسوؤں میں بہہ گئےاور 13پارٹیاں شرمائی شرمائی ایک دوسرے کی طرف دیکھ رہی ہیں اور مبارکباد دینے کی بھی ہمت نہیں ہے اور کٹی ہوئی پتنگ کی طرح ایک دوسرے سے پوچھ رہے ہیں کہ یہ کیا ہوا یہ کیسے ہوا 16مہینے کی نااہل نالائق نکمی نکھٹو مہنگائی…
— Sheikh Rashid Ahmed (@ShkhRasheed) August 15, 2023
ان کا کہنا تھا کہ ادارے تحقیقات کریں کہ بچوں اور عورتوں کو گھروں سے اٹھا کر کن جگہوں پر رکھا جاتا ہے اور پاکستان میں نفرت کا جو بیج بویا جا رہا ہے اس کی فصل کوئی اچھی نہیں ہوگی اس کے نتائج خطرناک بھی ہو سکتے ہیں، کل جو وزیر اعظم کا حلف اٹھایا گیا اس رسم تاج پوشی میں پاکستان کی سیاسی پارٹی کا کوئی سربراہ موجود نہیں تھا۔
سربراہ عوامی مسلم لیگ نے مزید کہا کہ نگران وزیراعظم کی تعیناتی پر سب ایک دوسرے کی طرف دیکھ رہے ہیں کہ کیا ہوا کیسے ہوا اور تبصروں سے بھی گریز کر رہے ہیں کیونکہ ان میں جرات ہی نہیں ہے، جس طرح پرانی کیبنٹ کو ای سی ایل میں ڈالا گیا موجودہ 85 لوگوں کو بھی ای سی ایل میں ڈالا جائے کیونکہ ان کی بھی فائلیں بن رہی ہیں۔