نگراں وزیر اعلیٰ سندھ کا صوبے میں زندگی بچانے والی ادویات کی کمی پر برہمی کا اظہار

Published On 24 August,2023 02:24 pm

کراچی: (دنیانیوز) نگراں وزیراعلیٰ سندھ جسٹس (ر) مقبول باقر نے صوبائی وزیرصحت ڈاکٹر سعد خالد نیاز سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور صوبے میں زندگی بچانےوالی ادویات کی کمی پربرہمی کااظہار کیا ہے ۔

نگران وزیراعلیٰ سندھ نے صوبے بھر کے تمام ہسپتالوں اور مارکیٹوں میں غیر معیاری ادویات کی فروخت پر کارروائی کا حکم جاری کر دیا۔

انہوں نے صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر سعد خالد نیاز سے ٹیلی فونک رابطے کے دوران اظہار برہمی کرتے ہوئے ہدایت جاری کی کہ تمام سرکاری ہسپتالوں میں معیاری ادویات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔

صوبائی نگراں وزیر اعلیٰ کا کہنا ہے کہ محکمہ صحت کے متعلقہ افسران میڈیسن مارکیٹس میں انسپیکشن یقینی بنائیں،  ڈینگی اور ملیریا کی روک تھام کے لئے مزید اقدامات کیے جائیں اور تمام بلدیاتی ادارے اپنے متعلقہ علاقوں میں مچھر مار سپرے لازمی کرائیں۔

انہوں نے زندگی بچانے والی ادویات کی کمی پر رپورٹ طلب کرتے ہوئے کہا کہ ہسپتالوں اور مارکیٹوں میں دواؤں کی کمی کی وجہ ذخیرہ اندوزی ہے یا کوئی کچھ اور۔

جسٹس (ر) مقبول باقر کا کہنا ہے کہ محکمہ صحت جعلی ادویات کی فروخت کرنے والے متعلقہ عناصر کے خلاف کارروائی کرئے، انسانی زندگی سے کھیلنے والے کسی عناصر کو نہیں بخشا جائے گا۔