اسلام آباد: (دنیا نیوز) نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ سے وزیراعظم آزاد ریاست جموں و کشمیر چودھری انوار الحق نے ملاقات کی ہے۔
ملاقات میں وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر نے انوار الحق کاکڑ کو وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
نگران وزیراعظم نے چودھری انوار الحق کو پاکستان کی جانب سے کشمیر کیلئے غیر مشروط حمایت کا یقین دلایا اور کہا کہ کشمیریوں کے حق خودارادیت کے حصول کی جد وجہد میں ہم ان کے شانہ بہ شانہ کھڑے رہیں گے۔
نگران وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کشمیریوں کی سفارتی، سیاسی اور اخلاقی مدد تب تک جاری رکھے گا جب تک اقوام متحدہ کی کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کا حل نہیں ہو جاتا۔