اسلام آباد: (دنیا نیوز) نگران وزیرخارجہ جلیل عباس جیلانی نے کہا ہے کہ پاکستان اقوام متحدہ کے امن مشن میں کردار ادا کرنے کیلئے پر عزم ہے، دنیا میں قیام امن کیلئے پاکستان نے بھرپور کردار ادا کیا ہے۔
اقوام متحدہ کے امن مشن کا 2 روزہ وزارتی اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا، نگران وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے تقریب میں شریک تمام مندوبین کو خوش آمدید کہا۔
نگران وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی کا وزارتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پاکستان ہمیشہ کشیدہ علاقوں میں امن سے متعلق اہم کردار ادا کرتا ہے، امن مشن کی استعداد کار میں اضافے کے لئے اقدامات کرنا ہوں گے۔
جلیل عباس جیلانی نے کہا کہ امن مشن کا حصہ بننے والے اہلکاروں کی طبی امداد کیلئے بھی اقدامات ہونے چاہئیں، رسمی قیام امن کے بجائے جدید خطوط پر مزید کام کرنے کی ضرورت ہے۔
اجلاس کے دوران نگران وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ امن مشن کی کامیابی کا انحصار کثیر جہتی اور مربوط عوامل پر مشتمل ہے۔