لاہور: (دنیا نیوز) جنرل سیکرٹری پیپلزپارٹی وسطی پنجاب سید حسن مرتضیٰ نے کہا پیپلزپارٹی کی قیادت کیخلاف من گھڑت اور جھوٹا پراپیگنڈا ہرگز برداشت نہیں کریں گے۔
حسن مرتضیٰ نے کہا شازیہ مری سمیت پیپلز پارٹی کے کسی بھی رہنما کی کردار کشی کرنے والوں کا منہ کالا ہوگا، پی پی پی رہنماؤں کے گھروں سے جھوٹی خبروں میں برآمد ہونے والا پیسہ جاتا کہاں ہے؟ پی پی پی رہنماؤں سے اگر اتنا پیسہ ریکور ہوتا ہے تو اس سے آئی ایم ایف کا قرض واپس کردو۔
حسن مرتضیٰ نے مزید کہا سانگھڑ سے منتخب خاتون ایم این اے سے جب الیکشن نہیں جیت سکتے تو بہتان پر اتر آئے، شازیہ مری کی بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے لئے خدمات کسی تعارف کی محتاج نہیں، آمریت کی باقیات نے ہمیشہ پیپلزپارٹی کیخلاف جھوٹی پراپیگنڈا مشینیں چلائیں، پیپلزپارٹی کیخلاف کرپشن کی طوطا کہانیاں گھڑنے کا سلسلہ بند ہونا چاہئے۔