مری: (دنیا نیوز) مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز شریف سے امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے ملاقات کی ہے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان میں امریکہ کے سفیر ڈونلڈ بلوم نے رہنما ن لیگ مریم نواز شریف سے اتوار کے روز مری میں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان تاریخی اور طویل المدتی دوطرفہ تعلقات کی اہمیت پر تبادلہ خیال کیا گیا، ملاقات میں تجارت، معیشت، سلامتی، امن اور علاقائی استحکام سمیت باہمی تعاون کے فروغ کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا۔
مریم نواز شریف نے کورونا وبا کے مشکل ترین حالات اور گزشتہ سال تباہ کن سیلاب کے دوران امریکی حکومت کی طرف سے سفیر ڈونلڈ بلوم کی کوششوں کو سراہا۔