لاہور: (دنیا نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے سندر روڈ رائے ونڈ میں بنائے گئے شہر خاموشاں کا دورہ کیا، محسن نقوی نے شہر خاموشاں میں تجہیز و تدفین کیلئے فراہم کی جانے والی سہولتوں کا جائزہ لیا۔
وزیراعلیٰ محسن نقوی نے شہر خاموشاں کے مختلف شعبوں انتظار گاہ وضوخانہ اور ایمبولینس کا معائنہ کیا، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ نے وزیراعلیٰ پنجاب کو شہر خاموشاں بارے تفصیلی بریفنگ دی، صوبائی وزیر اطلاعات و لوکل گورنمنٹ عامر میر، چیف سیکرٹری، سیکرٹری بلدیات، کمشنر لاہور، ڈی جی شہر خاموشاں اتھارٹی اور دیگر متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔
دوران بریفنگ وزیراعلیٰ پنجاب کو بتایا گیا کہ سندر روڈ رائے ونڈ پر 127 کنال اراضی پر ماڈل قبرستان بنایا گیا ہے، ماڈل قبرستان میں چاردیواری، جناز ہ گاہ اور وضو خانے کے ساتھ ایمبولینس بھی مہیا کی گئی ہے، ماڈل قبرستان میں 12ہزار سے زائد قبروں کی گنجائش رکھی گئی ہے۔
بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ ماڈل قبرستانوں میں تجہیز و تدفین کی فیس 10ہزار سے کم کرکے 3500کر دی گئی ہے، شہری ماڈل قبرستان میں ایمبولینس سروس حاصل کرنے کے لیے 1190 پر را بطہ کر سکتے ہیں، ڈی جی خان،فیصل آباد ،شیخوپورہ، رحیم یار خان اور ساہیوال میں بھی ماڈل قبرستان تعمیر کیے جا رہے ہیں۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ شہر خاموشاں میں تجہیز و تدفین کیلئے منظم انداز میں سہولتیں فراہم کی گئی ہیں، سندر روڈ رائے ونڈ کی طرز پر دیگر شہروں میں بھی شہر خاموشاں بنائے جائیں گے، جدید قبرستانوں کا قیام آبادی بڑھنے کے ساتھ وقت کا تقاضا ہے، شہر خاموشاں میں جدید قبرستان کے حوالے سے تمام تقاضے پورے کئے گئے ہیں۔