لاہور: (دنیا نیوز) نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی سے امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور،دوطرفہ تجارت و سرمایہ کاری بڑھانے کے مواقع، زراعت،سیاحت،تاریخی عمارتوں کی بحالی کے حوالے سے تعاون کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ پنجاب اور کیلیفورنیا کو سسٹر سٹیٹس قرار دینے کے معاہدے کے تحت تجارتی ومعاشی تعلقات کو فروغ دینا چاہتے ہیں، زراعت خصوصاً سیڈ ڈویلپمنٹ کے حوالے سے کیلیفورنیا کے تجربے سے استفادہ کرنا چاہتے ہیں، پنجاب میں تاریخی عمارتوں کی بحالی کے حوالے سے امریکی تعاون کا خیرمقدم کرتے ہیں۔
— Mohsin Naqvi (@MohsinnaqviC42) September 6, 2023
امریکی سفیر نے امریکہ پاکستان اقتصادی تعلقات اور باہمی دلچسپی کے دیگر شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت کے ساتھ مختلف شعبوں میں جاری تعاون کو مزید فروغ دیں گے۔