اسلام آباد کے حساس علاقے سے 3 دستی بم، گولیاں، پستول اور ریڈ زون کا نقشہ برآمد

Published On 18 September,2023 04:46 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد کے انتہائی حساس ایریا میں ٹریل فائیو سے مشکوک بیگ ملا جس میں سے تین دستی بم، گولیاں، پستول سمیت ریڈ زون کا نقشہ برآمد ہوا۔

تفصیلات کے مطابق شہر اقتدار میں دہشتگردی کا منصوبہ ناکام بنا دیا گیا، ریڈ زون میں ٹریل فائیو سے مشکوک بیگ برآمد ہوا جس کی تلاشی پر تین دستی بم، پستول، گولیاں اور ریڈ زون کا نقشہ نکل آیا جس کے بعد وفاقی دارالحکومت کی سکیورٹی سخت کر دی گئی۔

پولیس حکام کے مطابق پارلیمنٹ اور دیگر حساس مقامات سے چند کلو میٹر دور ٹریل فائیو پر ایک مشکوک بیگ موجود ہونے کی اطلاع ملی، جس کے بعد پولیس اور بم ڈسپوزل ٹیم جائے وقوعہ پر پہنچی اور بیگ کی انتہائی احتیاط سے تلاشی لی گئی۔

حکام کا مزید کہنا ہے کہ بیگ سے تین دستی بم، پستول، گولیاں، ریڈ زون کا نقشہ اور ایک تحریر برآمد ہوئی، تمام مواد کو تفتیش کیلئے محفوظ جگہ منتقل کر دیا گیا اور شہر کی سکیورٹی سخت کر دی گئی ہے۔