راولپنڈی: (دنیا نیوز) لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بنچ میں سربراہ عوامی مسلم لیگ اور سابق وفاقی وزیر شیخ رشید کی گرفتاری کے خلاف درخواست دائر کر دی گئی۔
شیخ رشید کی گرفتاری کے خلاف ان کے وکلا سردار رازق اور سردار شہباز نے لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بنچ میں درخواست دائر کی ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ ان کے خلاف کوئی مقدمہ درج نہیں۔
درخواست میں آئی جی پنجاب، سی پی او، ایس ایس پی آپریشنز و دیگر کو فریق بنایا گیا ہے اور کہا گیا ہے کہ شیخ رشید کوایس ایس پی آپریشنز نےنجی ہاؤسنگ سوسائٹی سے اٹھایا۔
درخواست میں مؤقف پیش کیا گیا کہ شیخ رشید کو ان کے بھتیجے شیخ شاکر، شیخ عمران ڈرائیور سجاد سمیت اٹھایا گیا، جبکہ شیخ رشید پر کسی قسم کا کوئی مقدمہ درج نہیں ہے۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ ایس ایس پی آپریشنز نے شیخ رشید کو غیر قانونی طور پر گھر سے حراست میں لیا، ہم کل سے راولپنڈی پولیس سے پوچھ رہے ہیں مگر کوئی مناسب جواب نہیں دیا جا رہا، عدالت پولیس کو شیخ رشید کو پیش کرنے کے حوالے سے پابند کرے۔