عرفان صدیقی صاحب آپ ’جاگ پنجابی جاگ‘ سے اب لوگوں کو جھانسہ نہیں دے سکتے، قراۃ العین مری

Published On 18 September,2023 10:35 pm

کراچی: (دنیا نیوز) پیپلزپارٹی کی رہنما اور سینیٹر قراۃ العین مری نے کہا کہ عرفان صدیقی صاحب آپ ’جاگ پنجابی جاگ‘ سے اب لوگوں کو جھانسہ نہیں دے سکتے۔

پیپلزپارٹی کی رہنما نے سینیٹرعرفان صدیقی کے بیان پر ردعمل میں کہا صدیقی صاحب آپ کو1985 یاد ہے مگر1988 کیسے بھول گئے؟ صدیقی صاحب آج بلاول بھٹو زرداری سے کیوں گھبرا رہے ہیں؟ پنجاب پاکستان کا دل ہے، وہاں آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کی آمد سے کیوں پریشان ہیں؟

سینیٹر قراۃ العین مری نے کہا پیپلزپارٹی حقیقت ہے، پیپلزپارٹی کو جیالوں پر فخر ہے، پنجاب کے لوگ بہادر ہیں، ان کے پاس بزدلوں کیلئے کوئی جگہ نہیں ہے، گزشتہ ضمنی انتخابات میں پیپلزپارٹی کراچی اور ملتان میں جیت گئی، پنجاب میں مسلم لیگ ن ڈھیر ہوگئی۔