نیویارک: (دنیا نیوز) آئی ایم ایف کی مینجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا نے کہا ہے کہ پاکستان سے صرف یہ کہہ رہے ہیں کہ امیروں سے مزید ٹیکس لیے جائیں اور غریبوں کو تحفظ دیا جائے، یہی وہ بات ہے جو پاکستان کے عوام بھی چاہتے ہیں۔
ملاقات کے بعد ایم ڈی آئی ایم ایف نے بھی سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر پیغام جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کے وزیراعظم سے بہت اچھی ملاقات رہی۔
انہوں نے کہا کہ آج ہم نے پاکستان کے معاشی استحکام کو یقینی بنانے، پائیدار اور جامع ترقی کو فروغ دینے کے حوالے سے گفتگو کی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے ملاقات میں محصولات کی وصولی کو ترجیح دینے اور پاکستان میں سب سے زیادہ کمزور لوگوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے مضبوط پالیسیوں کی اہم ضرورت پر اتفاق کیا ہے۔
— Kristalina Georgieva (@KGeorgieva) September 20, 2023
علاوہ ازیں وزیراعظم آفس نے بھی عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی سربراہ کرسٹالینا جارجیوا سے ملاقات کی تفصیل جاری کی ہے، نیویارک میں ہونے والی ملاقات میں معاشی تعاون اور استحکام کے لیے کوششوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
دونوں رہنماؤں نے اقتصادی ترقی اور استحکام کے لیے اقدامات کے عزم کا اعادہ کیا۔
ملاقات کے بعد ایک بیان میں نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ سربراہ آئی ایم ایف کے ساتھ ملاقات تعمیری رہی۔
ازبک صدر سے ملاقات
دوسری جانب نگران وزیر اعظم انوار الحق نے ازبکستان کے صدر اور مائیکروسافٹ کے بانی بل گیٹس سے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔
— Anwaar ul Haq Kakar (@anwaar_kakar) September 20, 2023
بل گیٹس سے ملاقات
انوار الحق کاکڑ نے مائیکروسافٹ کے بانی بل گیٹس سے ملاقات میں پاکستان میں انسداد پولیو مہم پر بات چیت کی، دونوں رہنماؤں نے بچوں کی نشونما اور صنفی برابری سے متعلق امور پر تبادلہ خیال بھی کیا۔
— Prime Minister s Office (@PakPMO) September 20, 2023
اس دوران گفتگو کرتے ہوئے نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ پاکستان پولیو وائرس کی روک تھام کیلئے پر عزم ہے، بل گیٹس نے کہا کہ پاکستان سے پولیو وائرس کا مکمل طور پر خاتمہ ہماری پہلی ترجیح ہے۔