وزیراعلیٰ محسن نقوی کا ننشیا میڈیکل یونیورسٹی کا دورہ، مختلف شعبوں کا معائنہ

Published On 22 September,2023 02:14 pm

لاہور: (دنیا نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے چین کے شہر ننشیا کی میڈیکل یونیورسٹی کا دورہ کیا جہاں انہوں نے مختلف شعبوں کا معائنہ کیا۔

دورہ چین کے دوران نگران وزیراعلیٰ پنجاب وفد کے ہمراہ ننشیا میڈیکل یونیورسٹی پہنچے، وائس چانسلر اور فیکلٹی کے سینئر ڈاکٹرز نے ننشیا میڈیکل یونیورسٹی میں تعلیم اور ریسرچ کے بارے میں وفد کو بریفنگ دی۔

وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے ننشیا میڈیکل یونیورسٹی کے مختلف شعبوں کا معائنہ کیا اور میڈیکل ایجوکیشن کے نظام کا مشاہدہ کیا، انہوں نے میڈیکل یونیورسٹی میں ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ کے شعبے کا خصوصی جائزہ لیا۔

محسن نقوی نے یونیورسٹی کے فیکلٹی ممبران اور ننشیا میڈیکل یونیورسٹی میں زیر تعلیم پاکستانی طلبہ سے بھی ملاقات کی۔

اس موقع پر نگران وزیر اعلیٰ پنجاب نے ننشیا میڈیکل یونیورسٹی میں شعبہ طب کی تعلیم کے حوالے سے جدت پسندی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ میڈیکل ایجوکیشن میں جدت لانا وقت کا تقاضا ہے، ننشیا میڈیکل یونیورسٹی میں میڈیکل ریسرچ کے حوالے سے شاندار کام ہو رہا ہے۔

محسن نقوی کا مزید کہنا تھا کہ ننشیا میڈیکل یونیورسٹی کے ساتھ مل کر پنجاب میں میڈیکل ایجوکیشن کا معیار بلند کریں گے، دورہ چین صرف وزٹ نہیں بلکہ باہمی تعاون کو تیز رفتاری سے عوام کی بہتری کیلئے ٹرانسلیٹ کریں گے۔