اسلام آباد: (دنیا نیوز) ملک بھر میں عام انتخابات کا معاملہ، الیکشن کمیشن نے پنجاب بھر میں رجسٹرڈ ووٹرز کے اعداد وشمار جاری کر دیئے۔
الیکشن کمیشن کی دستاویزات کے مطابق صوبہ پنجاب میں رجسٹرڈ ووٹرز کی کل تعداد 7 کروڑ 23 لاکھ 10 ہزار 582 ہوگئی، 2018 کے مقابلے میں پنجاب میں ووٹرز کی تعداد 1 کروڑ 16 لاکھ 37 ہزار 811 ووٹرز کا اضافہ ہوا، پنجاب میں رجسٹرڈ مرد ووٹرز کی تعداد 3 کروڑ 87 لاکھ 20 ہزار 67 جبکہ خواتین ووٹرز کی تعداد 3 کروڑ 59 لاکھ 90 ہزار 515 ہے۔
دستاویزات میں بتایا گیا ہے کہ 2018 کے مقابلے میں پنجاب میں رجسٹرڈ خواتین ووٹرز کی تعداد میں 65 لاکھ 98 ہزار 141 ووٹرز کا اضافہ ہوا جبکہ 2018 کی نسبت 50 لاکھ 39 ہزار 670 مرد ووٹرز بڑھے۔
پنجاب کے 41 اضلاع میں سے سب زیادہ ووٹرز کی تعداد ضلع لاہور کی ہے، لاہور میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 67 لاکھ 24 ہزار 633 ہے، لاہور کی کل آبادی 1 کروڑ 20 لاکھ 8 ہزار387 ہے، لاہور میں مرد ووٹرز کی تعداد 35 لاکھ 78 ہزار 725 جبکہ خواتین ووٹرز کی تعداد 31 لاکھ 45 ہزار 908 ہے۔
پنجاب میں سب سے کم ووٹرز ڈسٹرکٹ مری کے ہیں، ڈسٹرکٹ مری میں رجسٹرڈ ووٹرز کی کل تعداد 2 لاکھ 90 ہزار 931 ہے۔
ترجمان الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ آئندہ عام انتخابات مذکورہ ووٹرز لسٹوں پر ہی ہوں گے، ووٹر لسٹوں میں کوئی ردوبدل نہیں کیا جا سکے گا۔