کراچی: (دنیا نیوز) نگران وزیراعلیٰ سندھ جسٹس (ر) مقبول باقر نے غفلت اور نااہلی کی بنیاد پر ڈی جی کالجز سمیت 4 افسروں کو معطل کر دیا۔
ترجمان وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق نگران وزیراعلیٰ سندھ جسٹس (ر) مقبول باقر نے گورنمنٹ کالج کا دورہ کیا، معطل ہونے والوں میں گریڈ 20 کے ڈی جی کالجز شاداب حسین اور پرنسپل النور کالج مسز زاہدہ بیگم شامل ہیں، نگران وزیراعلیٰ نے گریڈ 19 کی وائس پرنسپل اور لیکچرار اسلامک سٹیڈیزعشرت العین کو بھی معطل کردیا۔
نگران وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کالج کے حالات بہت تکلیف دہ ہیں، ڈی جی کالجز، پرنسپل اور وائس پرنسپل کو غفلت اور نا اہلی کی بنیاد پر معطل کیا، تعلیم کے مسئلے پر کوئی غفلت برداشت نہیں کروں گا، کسی کو اپنے بچوں کی تعلیم برباد کرنے کی اجازت نہیں دوں گا، جو سچائی اور محنت سے کام نہیں کرے گا اُسے فارغ کیا جائے گا۔