محسن نقوی کا ایس ایچ او تھانہ شفیق آباد کو فوری طور پر عہدے سے ہٹانے کا حکم

Published On 30 September,2023 12:20 pm

لاہور: (دنیا نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے ایف آئی آر کا اندراج نہ کرنے پر ایس ایچ او تھانہ شفیق آباد کو فوری طور پر عہدے سے ہٹانے کا حکم دے دیا۔

محسن نقوی نے مختلف تھانوں کا دورہ کیا، تھانہ فیکٹری ایریا شیخوپورہ اور تھانہ شفیق آباد بند روڈ بھی گئے، وزیراعلیٰ پنجاب نے دونوں تھانوں میں فرنٹ ڈیسک پر شہریوں کی درخواستوں پر ہونے والی پیشرفت کا جائزہ لیا، فرنٹ ڈیسک، مال خانے، محرر روم، انویسٹی گیشن روم اور دیگر شعبوں کا معائنہ کیا۔

نگران وزیراعلیٰ پنجاب موبائل چوری اور ڈکیتی کی وارداتوں پر 24 گھنٹوں میں ایف آئی آر درج نہ ہونے پر شدید برہم ہوگئے۔

محسن نقوی نے ایس ایچ او تھانہ شفیق آباد کو فوری طور پر عہدے سے ہٹانے کا حکم دیا اور حوالات میں ملزمان سے ان کے کیسز کے بارے میں بھی پوچھا، محسن نقوی نے تھانہ شفیق آباد کے مال خانہ کو بہتر جگہ منتقل کرنے کی بھی ہدایت کی۔

نگران وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ مقرر کردہ مدت کے اندر درخواستوں پر کارروائی کرتے ہوئے مقدمہ درج ہونا چاہیے، مقدمات کے اندراج میں تاخیر کسی صورت برداشت نہیں۔