لاہور (دنیا نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کہا ہے کہ انسانی اعضاء کی غیرقانونی پیوند کاری میں ملوث گینگ کو سرغنہ سمیت گرفتار کر لیا ہے۔
سی ایم آفس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے بتایا کہ ڈاکٹر فواد گردوں کے غیرقانونی ٹرانسپلانٹ کے گینگ کا سرغنہ ہے، ڈاکٹرفواد نے تسلیم کیا کہ انہوں نے لوگوں کے غیرقانونی آپریشنز کئے، ڈاکٹر فواد کو پہلے بھی غیرقانونی پیوندکاری پرگرفتار کیا جا چکا ہے۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ ڈاکٹرفواد کے پورے گینگ کو گرفتار کر لیا گیا ہے، 8 لوگوں کا گروپ تھا جو غیرقانونی آپریشن کرتا تھا، لاہور، ٹیکسلا اور آزاد کشمیر میں غیرقانونی آپریشنز کئے جارہے تھے، 328 افراد کے گردے نکالے گئے تھے ان کا ریکارڈ سامنے آچکا ہے۔
— Government of Punjab (@GovtofPunjabPK) October 1, 2023
وزیراعلیٰ پنجاب نے بتایا کہ یہ گینگ ایک ٹرانسپلانٹ کا ریٹ 30لاکھ روپے لیتا تھا، یہ لوگ بیرون ممالک لوگوں سے ایک کیس کا ایک کروڑ لیتے تھے، پولیس بہترین اندازمیں اپناکام کررہی ہے، ان لوگوں کی گرفتاری پر پولیس پر بہت پریشر آیا، ان ملزموں کے ٹرائل کے حوالے سے مشاورت ہورہی ہے، ضرورت پڑی تو کیس ایف آئی اے کے حوالے کریں گے۔