اسلام آباد: (دنیا نیوز) صدر مملکت ڈاکٹر عارف نے جامعلات کے معاملات پر بروقت فیصلہ سازی کیلئے سینیٹ اجلاس باقاعدگی اور بروقت منعقد کرنے کی ہدایت کردی۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کے زیرصدارت کامسیٹس یونیورسٹی اسلام آباد کی سینیٹ کا 6 واں اجلاس ہوا، اجلاس میں ایگزیگٹو ڈائریکٹر کامسیٹس، سیکرٹری سائنس و ٹیکنالوجی اور سیکرٹری وفاقی تعلیم سمیت سینیٹ کے ممبران نے شرکت کی۔
یہ بھی پڑھیں: صدر مملکت کا فلسطین اور اسرائیل میں بڑھتے تشدد پر اظہار تشویش
صدر مملکت نے کہا کہ ملک کی تمام یونیورسٹیوں اور متعلقہ وزارتوں کو سینیٹ ممبران کی خالی نشستیں بروقت پُر کرنے کی ضرورت ہے، جامعات کو انتظامی اور تدریسی اسامیوں پر میرٹ پر بھرتی کا عمل بھی وقت پر شروع کرنا چاہئے۔
ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ جامعات مارکیٹ کی ضروریات کو مدِنظر رکھتے ہوئے نئے شعبہ جات شروع کریں، جامعات میں نئے شعبہ جات میں درس و تدریس شروع کرنے سے پہلے مارکیٹ کی ضروریات کا معروضی جائزہ لیا جانا چاہئے، جامعات طلباء کو مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق تعلیم اور ہنر فراہم کریں۔
یہ بھی پڑھیں: بیروزگاری جیسے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے اجتماعی کوششوں کی ضرورت ہے: صدر مملکت
صدر مملکت نے مزید کہا ملک میں جامعات میں داخلہ لینے والے طلبہ کی تعداد خطے کے دیگر ممالک کے مقابلے میں بہت کم ہے، یونیورسٹیاں معیاری گریجوایٹس کی تعداد بڑھانے کیلئے آن لائن تعلیم کا سہارا لیں، جامعات آمدن بڑھانے کیلئے نئے راستے تلاش کریں، تحقیقی گرانٹس کے حصول کیلئے پرفیشنل کی مدد لیں۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے اجلاس میں کامسیٹس یونیورسٹی کے مالی، انتظامی، تعلیمی اور ملازموں سے متعلق امور پر گفتگو کی۔