آئندہ پانچ سال میں ملک کو معاشی ناقابل تسخیر بنائیں گے: مریم نواز

Published On 11 October,2023 03:18 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ 2024 سے2029 کے پانچ سال میں ملک کو معاشی طور پر ناقابل تسخیر بنائیں گے۔

سینئر نائب صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) مریم نواز شریف سے این اے 128 اور این اے 129 کی یونین کونسلوں کے چیئرمینوں، کونسلروں اور کارکنوں نے ملاقات کی جس میں 21 اکتوبر کی تیاریوں پر گفتگو ہوئی اورقائد نواز شریف کی وطن واپسی پر استقبال کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ عوام پریشان ہے اسی لئے نوازشریف واپس آرہا ہے، پاکستان کی ترقی یقینی ہے کیونکہ سابق وزیراعظم واپس آرہا ہے، نوجوان، مزدور، دیہاڑی دار بے روزگار ہے اسی لئے قائد مسلم لیگ ن واپس آرہے ہیں، مشکلات سے کیسے نکلیں حل بتانے ہمارا قائد آرہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی لوٹ آئی ہے اسی لئے اب نوازشریف واپس آرہا ہے، نوجوان کو روزگار دینے والا رہنما واپس آرہا ہے، غریب کو سستا آٹا، سستی روٹی، سستی چینی، سستا گھی ن لیگ کی حکومت میں ہی ملا ہے، غریبوں کا ساتھی اور ہمدرد صرف نوازشریف ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ سارے تجربے فیل ہوگئے، تجربہ ایک ہی کامیاب رہا وہ ہے نوازشریف، ہمارا قائد قوم کو اچھے دن پھر دکھائے گا، نوازشریف نے ایٹمی دھماکے کر کے دفاع ناقابل تسخیر بنایا تھا اب 2024 سے 2029 کے پانچ سال میں پاکستان کو معاشی طورپر ناقابل تسخیر بنائیں گے۔

لیگی چیف آرگنائزر کا کہنا تھا کہ 2016 میں ہماری حکومت نے آئی ایم ایف کو خداحافظ کہہ دیا تھا، نوازشریف نے آئی ایم ایف پروگرام مکمل کیا لیکن مہنگائی نہیں ہونے دی۔

Advertisement